میڈیلن- کولمبیا (ویب ڈیسک): کولمبیا میں شدید بارشوں سے ہونے والی لینڈسلائیڈنگ سے 18 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کولمبیا کے شمال مغربی علاقے میں شدید بارشوں کی وجہ سے گزشتہ روز لینڈسلائیڈنگ ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لینڈسلائیڈنگ سے میڈیلن اور کوئبڈو شہروں کو ملانے والی سڑک عارضی طور پر بند ہوگئی جب کہ لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔
سرکاری حکام کا کہنا ہےکہ لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لوگوں کو ریسکیو کرنے کے عمل میں حصہ لیا جب کہ اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے 18 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے جب کہ متعدد افراد ملبے تلے تاحال دبے ہوئے ہیں اور متعدد لاپتا ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقے میں شدید بارشوں کی مزید پیشگوئی کی گئی ہے اور اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کرتے ہوئے ندی اور دریاؤں کے قریب آباد بستیوں میں سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔