کراچی(ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی پولیس آفس حملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کوئی بڑی تباہی نہیں ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فورسز نے بڑی بہادری سے حملہ آوروں کا خاتمہ کیا۔
میری طرف سے تمام افسران اور اہل کاروں کو شاباش دیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبائی حکومتوں کی استعداد کار بڑھانے میں پوری معاونت کریں گے۔
وزیراعظم نے کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد بروقت کارروائی اور موقع پر موجود رہنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے جذبے کی تعریف کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے بڑا جانی نقصان یا تباہی نہیں ہوئی۔
قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے حملہ آوروں سے متعلق جمع کیے گئے حقائق سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔