کراچی (ویب ڈیسک): صوبائی وزیر سندھ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے وژن کے تحت پیپرز کی چیکنگ کا نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹل سسٹم کے تحت ای مارکنگ اور اوایم آر مارکنگ کے ذریعے عمل میں لایا جا رہا ہے۔ جمعہ کے روز میٹرک بورڈ کراچی میں ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ میں صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی مکانی، سیکریٹری بورڈز محمد عباس بلوچ، چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سید ذوالفقار علی شاہ، چیئرمین ٹیکنیکل بورڈ عارف علی قاضی، سیکریٹری میٹرک بورڈ ڈاکٹر نوید احمد، قائم مقام ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو، ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر سمیت اساتذہ کرام اور دیگر مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چیئرمین میٹرک بورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیمی بورڈز میں اب پیپرز کی چیکنگ کاسسٹم ماڈرن ٹیکنالوجی ای مارکنگ پر منتقل کیا جا رہا ہے اس سسٹم سے بہتر نتائج برآمد ہوں گے اور کسی بھی طلبہ کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوگی ہر امیدوار کو اپنی محنت کا پھل ضرور ملے گا۔
صوبائی وزیر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا کہ سندھ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ پیپرز کی چیکنگ کا نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ڈیجیٹلائزیشن کے سسٹم سے کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طلباء و طالبات کے ساتھ کاپی چیکنگ میں انصاف کو سو فیصد فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا ایک ایک نمبرز بچے کے مستقبل کو سنوارنے اور بگاڑنے کا باعث بن سکتا ہے لہٰذا طلباء کے مستقبل سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے بچوں اور ان کے والدین کی ہم سے امیدیں وابستہ ہیں چیکنگ میں ہماری معمولی لاپرواہی بچوں کا تعلیمی مستقبل تباہ کر دیتی ہے لہٰذا چیکنگ میں بچوں کے بہتر مستقبل کو مدنظر رکھ کر انصاف کے تقاضوں کو یقینی بنانا ہوگا چیکنگ میں ایک بھی غلطی کی گنجائش نہیں ہے۔