کراچی (ویب ڈیسک): پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کو فنڈز کی شدید قلت کا سامنا ہے جس سے فلائٹ آپریشن متاثر ہورہا ہے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے کو پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سے طیاروں کے لیے ایندھن ملنے میں مشکلات کا سامنا ہےجب کہ فنڈز کی قلت کے باعث کراچی سے فیصل آباد، اسلام آباد اور لاہور کی دو طرفہ پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ کراچی سے تربت، بہاولپور اور سکھر کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں جب کہ کراچی سے بیرون ملک جانے والی مسقط کی بھی دو طرفہ پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ فنڈز کی قلت سے پی آئی اے کے تمام ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بھی نہ ہوسکی جس کیلئے پی آئی اے نے حکومت سے فنڈز کی فوری فراہمی کی درخواست کی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق انتظامیہ وزارت خزانہ سے بھی رابطے میں ہے اور فنڈز ملتے ہی ملازمین کی تنخواہیں ادا کردی جائیں گی۔