اسلام آباد (ویب ڈیسک): نو منتخب چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے عہدہ حلف اٹھانے کے بعد سماعت کے لیے پہلا بینچ تشکیل دیدیا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے گزشتہ کئی ماہ سے یہ مؤقف اختیار کر رکھا تھا کہ جب تک سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا فیصلہ نہیں ہوتا وہ کسی بھی بینچ کا حصہ نہیں بنیں گے اور انہوں نے اس بات کا اظہار ملٹری کورٹ سے متعلق کیس کے بینچ سے علیحد ہوتے وقت بھی کیا تھا۔اب انہوں نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد سماعت کے لیے پہلا بینچ تشکیل دے دیا ہے جس کی سماعت کل ہو گی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت کے لیے فل کورٹ بینچ تشکیل دیا ہے جو کل بروز پیر کیس کی سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ چیف جسٹس پاکستان کے اختیارات سے متعلق ہے جسے پارلیمنٹ سے منظور کیا تھا تاہم سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر حکم امتناع دیا تھا۔