احمد آباد (اسپورٹس ڈیسک): کرکٹ ورلڈ کپ کا سب سے ہائی وولٹیج ٹاکرا، آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں احمد آباد میں ڈیڑھ بجے ٹکرائیں گی۔پاک بھارت میچ سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ہم نے بھارت کو ہرایا ہوا ہے اب بھی ہرا سکتے ہیں، بھارت کے خلاف کارکردگی میں کافی فرق نظرآئے گا، اعتماد کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔بھارتی کپتان روہت شرما پاکستانی ٹیم کی کارکردگی سے متاثرہوئے بنا نہ رہ سکے انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیمیں برابر ہیں، کوئی فیورٹ نہیں، پاکستان نے گزشتہ دو میچوں میں اچھی پرفارمنس دکھائی، نہیں لگتا کہ ٹاس کا میچ پر اتنا زیادہ اثر ہوگا۔
دوسری جانب پاک بھارت ٹاکرے سے پہلے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے بھارتی شہر احمد آباد میں پاکستان ٹیم سے ملاقات کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔
کھلاڑیوں سے ملاقات میں ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ آپ ملک کے ہیرو ہیں اور پاکستان میں ہر کوئی آپ کیلئے دعاگو ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ کے سب سے بڑے میچ میں قومی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے بعد پاکستان پلیئنگ الیون پر غور کیا گیا اور کوئی تبدیلی نہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی ممکنہ پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد اور شاداب خان شامل ہیں۔
محمد نواز، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف بھی ممکنہ پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے۔
ادھر پاک بھارت کرکٹ میچ سے پہلے بھارتی محکمہ موسمیات نے بارش کی پیش گوئی بھی کردی ہے۔بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ احمد آباد ضلع کے مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق بارش سے میچ کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے، احمد آباد میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ بارش کی وجہ سے میچ مکمل نہ ہونے پر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔