دھرم شالا (اسپورٹس ڈیسک): کرکٹ ورلڈکپ کے 27ویں میچ میں آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 389 رنز کا ہدف دیا ہے۔انرجی سے نجات کے بعد کم بیک کرنے والے ٹریوس ہیڈ نے 67 گیندوں پر 7 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 109 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جبکہ ڈیوڈ وانر بھی 6 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔دھرم شالا میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دینے کا فیصلہ اچھا ثابت نہیں ہوا، آسٹریلوی بیٹرز نے شروع سے ہی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور پاور پلے کے ابتدائی 10 اوور میں بغیر کسی نقصان کے 118 رنز بنائے۔
Back after injury, first time playing at the ODI World Cup, smashes a 59-ball ton 💯
Terrific Travis!#AUSvNZ | #CWC23 pic.twitter.com/2cBVQHq0Ey
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) October 28, 2023
کیویز باؤلرز بے بس نظر آئے، وارنر اور ہیڈ نے اننگز کی سب سے بڑی 175 رنز کی شراکت قائم کی، گلین فلپس نے بالآخر 20ویں اوور میں اس ساجھے داری کا خاتمہ کرتے ہوئے 81 رنز بنانے والے وارنر کو پویلین کی راہ دکھائی۔
فلپس نے جلد ہی ٹریوس ہیڈ کو بھی 109 رنز پر کام تمام کیا، اس موقع پر آسٹریلیا نے 24ویں اوور میں2 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنا لیے تھے۔
آسٹریلیا کو تیسرا نقصان بھی گلین فلپس کی باؤلنگ پر اسٹیون اسمتھ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ صرف 18 رنز بنا سکے۔
جوش انگلس 38، مارش 36 رنز اور لبوشانے 18 رنز بنا سکے، تاہم میکس ول نے 24 گیندوں پر 41 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی، جبکہ آسٹریلوی کپتان نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 14 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے 37 رنز بنائے، انہیں بولٹ نے بولڈ کیا۔
آسٹریلیا کی ٹیم آخری اوور میں 388 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 389 رنز کا ہدف دیا۔
کیوی ٹیم کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر گلین فلپس رہے، جنہوں نے مقررہ 10 اوورز میں صرف 37 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے 77 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مچل سینٹنر 2، ہینری اور نیشم ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
دھرم شالا کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔
نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم ٹاس جیت کر کہا کہ ہم پہلے باؤلنگ کریں گے، وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے، لیکن آغاز اچھا ہو سکتا ہے، اس لیے پہلے بولنگ کرنا چاہتے ہیں۔
آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرنا ٹھیک ہے، اور امید ہے کہ وکٹ بتدریج سلو ہوگی، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، کیمرون گرین کی جگہ ٹیم میں ٹریوس ہیڈ کو شامل کیا گیا ہے۔
آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
آسٹریلیا: پیٹ کمنز (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، مچل مارش، اسٹیون اسمتھ، مارنس لبوشین، جوش انگلس،گلین میکسویل، ٹریوس ہیڈ، مچل اسٹارک، ایڈم زامپا، جوش ہیزل ووڈ
نیوزی لینڈ: ٹام لیتھم (کپتان)، ڈیون کونوے، ول ینگ، راچن رویندرا، ڈیرل مچل، گلین فلپس، جیمز نیشم، مچل سینٹنر، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن، ٹرینٹ بولٹ