ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے اپنے مداحوں کے لیے ایک بہت ہی خاص تحفے کا اعلان کردیا ہے۔13 اکتوبر کو بھارت میں ‘نیشنل سنیما ڈے’ منایا جائے گا، اس دن کی مناسبت سے سُپر اسٹار شاہ رخ خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بھارتی مداحوں کے لیے خاص تحفے کا اعلان کیا ہے۔
شاہ رخ خان نے اپنی فلم ‘جوان’ کا پوسٹر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں سنیما گھر سے محبت کے لیے نیشنل سنیما ڈے کے موقع پر آپ سب کے لیے ایک بہت ہی خاص تحفہ لیکر آیا ہوں’۔
اداکار نے کہا کہ ’13 کتوبر کو کسی بھی سنیما گھر جائیں اور صرف 99 روپے میں ٹکٹ حاصل کرکے فلم ‘جوان’ دیکھیں’۔
13 اکتوبر کو بھارت میں ‘نیشنل سنیما ڈے’ منایا جائے گا اور اس موقع پر فلم کے شائقین افراد اپنی پسند کی کوئی بھی فلم صرف 99 روپے کے ٹکٹ میں سنیما گھروں میں دیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کا بالی ووڈ میں کامیاب کیریئر رہا ہے، رواں سال اُن کے کیریئر کا بہترین سال رہا ہے، یش راج فلمز کی ’پٹھان‘ نے پوری دنیا میں کامیابی سے بزنس کرتے ہوئے 1050 کروڑ کا مجموعی بزنس کیا جبکہ ایٹلی کی ’جوان‘ اب تک پوری دنیا میں 1117 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔
شاہ رخ خان انڈسٹری کے واحد اداکار بن گئے ہیں جن کی دو فلموں نے ایک برس میں ایک ہزار سے زائد کا بزنس کیا ہے۔
اداکار کی ایک میگا فلم ’ڈنکی‘ باقی ہے جسے راج کمار ہیرانی بنارہے ہیں، ‘پٹھان’ اور ‘جوان’ کے بعد اب شاہ رخ خان اپنی سال کی تیسری ریلیز ‘ڈنکی’ کی تیاری کر رہے ہیں۔