کراچی (ویب ڈیسک): شہرمیں تیز بارشوں کےنتیجے میں شہرکی قدیم عمارت ہندو جیم خانہ میں واقع نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس (ناپا) کے دفاتر و راہداری کی چھتوں کا پلاسٹرگرگیا جبکہ موسم کی خرابی کی وجہ سے فنون لطیفہ کی کلاسزمیں تعطیل کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ناپا انتظامیہ کے مطابق نیشنل اکیڈمی کے چئیرمین بورڈ آف ڈائریکٹرزکی جانب سے چندروزقبل سندھ حکومت پرزوردیا گیا تھا کہ عمارت کی مرمت کے لیے فوری طورپرعمل اقدامات کویقینی بنایا جائے تاکہ تاریخی ورثے کوبڑے نقصان سے بچایاجاسکے۔
انتظامیہ کے مطابق حکومت نےمرمت کے کام کے لیے پہلے ہی فنڈزمختص کیے ہیں، لیکن اس حوالے سے عملی طورمرمت وتزئین وآرائش کے کام کے آغازکا فقدان رہا، چھت کا حصہ گرنے کی وجہ سے خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ موسم کی خرابی کے سبب کلاسز میں تعطیل تھی۔
چھت گرنے والامقام سی ای اوآفس کے بالکل قریب تھا،جہاں عام طور پرطلبا نوٹس بورڈزکے سامنے سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہی کے لیے جمع ہوتے ہیں، چھت کا پلاسٹرگرنے کی وجہ سے زمین پررکھے گملے ٹوٹے جبکہ پانی کے مسلسل رساو کی وجہ سے کئی مقامات پرچھتوں کا سریا نمایاں ہوگیا۔
واضح رہے کہ ہندو جیم خانہ (ناپا) کی عمارت کا شمارشہرکی قدیم وکٹورین طرزتعمیر کی حامل عمارتوں میں ہوتا ہے،جہاں ڈرامہ، ڈائریکشن اورمیوزک سمیت فنون لطیفہ کے دیگرشعبوں کی تربیت دی جاتی ہے۔